بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج کا کیس،علی امین گنڈاپوراشتہاری قرار

اسلام آباد (صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی   کی نااہلی پر احتجاج کے کیس میں عدالت نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا۔انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید اور واثق قیوم عدالت میں پیش ہوئے۔

کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، عدالت نے دوران سماعت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور عمر تنویر بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ عامر کیانی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔دوران سماعت فیصل جاوید کی طرف سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے  لئے درخواست بھی دائر کی گئی، عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی اور درخواستوں پر دلائل طلب کر لئے ۔