اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مستند دہشت گرد نریندرمودی کو سرینگر میں نہ روکا گیا تو مظفرآباد اور اسلام آباد غیر محفوظ ہو جائیں گے ،ہندوستان کا وزیر دفاع راج نارتھ سنگھ آزادکشمیر پر حملے کی دھمکیوں سے باز رہے کشمیر ی قوم نے ہتھیار اٹھا لیے تو 9لاکھ بھارتی فوج کا قبرستان بنے گا ،کشمیرکی آزادی پاک فوج پر قرض اور فرض ہے کشمیری قیادت اور حریت پسند عوام کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں حکومت پاکستان عالمی سطح پر سفارتی مہم منظم کرے ،بیس کیمپ کے وزیر اعظم تحریک آزادی کشمیر کے لیے آمدہ بجٹ میں رقم مختص کریں ،
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران کشمیر سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملت اسلامیہ کا اثاثہ ہے جو نوجوانوں کو دین کی طرف لا رہی ہے نوجوانوں کی تربیت کا واحد ادارہ ہے اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں نے تحریک آزادی کشمیر میں بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں نوجوان ہمارا اثاثہ اور قوم کا روشن مستقبل ہیں ،
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اب مزید انتظار کرنے کی بجائے کشمیرکی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے ،نریندرمودی ہندوتوا ایجنڈاکو لے کر آگے بڑھ رہا ہے جو پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے اس خطرے کو روکنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے آزادخطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے قائد اعظم کی کشمیر پالیسی کا احیاء کیا جائے قائد اعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا حکومت پاکستان شہ رگ کو ہندوستان کے قبضے سے آزاد کروانے کے لیے اقدامات کرے کشمیری پاکستان کی سلامتی بقاء اور تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں ۔