اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں صحافی شیریں ابو عاقلہ کا بہیمانہ قتل ا نسانیت و بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے،سراج الحق


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ کا نشانہ بننے والی الجزیزہ نیوز چینل کی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے بھی شیریں ابوعاقلہ کے قتل کی مذمت اور عالمی برادری کو اس واقعہ کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

سراج الحق نے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اسرائیلی بربریت کا شکار بننے والی شیریں ابو عاقلہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنجہانی ایک بہادر اور سکہ بند صحافیہ تھیں۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں انجام دے کر شعبہ صحافت کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ شیریں ابو عاقلہ جنین مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران جنگی وقائع نگار کے مکمل حفاظتی گیئر میں تھیں، لیکن بدطینت اسرائیلی فوجیوں نے ان کے چہرے کو تاک کر نشانہ بنایا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں خاتون صحافی کا قتل اس بات کا بین ثبوت ہے کہ تل ابیب آزاد میڈیا کی طاقت سے کس قدر خوفزدہ ہے۔ انہوں نے الجزیرہ نیوز چینل کی انتظامیہ اور آنجہانی کے لواحقین سے شیریں ابو عاقلہ کے لرزہ خیز قتل پر دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔