کشمیریوں کو بے اختیار اور کمزور کیا جا رہا ہے۔محبوبہ مفتی


سری نگر(کے پی آئی)پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو بے اختیار اور کمزور کیا جا رہا ہے۔  وہ ہمارے  و وقار پر حملہ کر رہے ہیں۔

سرینگرمیں ایک پارٹی تقریب میں انہوں نے  کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنی ثقافت اور شناخت پر حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کودفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے جس میں مقامی لوگوں کو بے اختیار کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال یہ ہے کہ یہاں مقامی لوگوں کی زمینی ملکیت کو ختم کرنے کے مقصد سے قانون لائے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بے بنیاد الزامات کی پاداش میں نوکریوں سے نکالے جانے والے کشمیری ملازمین عدالت سے رجوع کرنے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ان پر دہشت گردی کے الزام میں مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بے اختیار اور کمزور کیا جا رہا ہے۔ وہ ہمارے وقار پر حملہ کر رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جس طرح سے بھارت میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دی جارہی ہے، اگر ان کو روکا  نہ  گیا تو وہ وقت دور نہیںبھارت کی حالت سری لنکا سے ابترہو جائے گی۔ بھارتی سپریم کورٹ نے بغاوت  قانون پر جس طرح نوٹس لیا ہے، یہ ایک خوش آئند بات ہے کیونکہ اس قانون کو بی جے پی حکومت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے اور سیاسی حریفوں کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت کی نگرانی میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دی جارہی ہے جو پورے ملک کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔ انہوں کہا کہ ملک کے سیکولر آئین کی دھجیاں اٹھائی جارہی ہیں جب کہ اقلیتی آبادی بالخصوص مسلمانوں پر آئے روز تشدد کیا جارہا ہے۔