مظفر آباد(کے پی آئی)حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین نے کشمیری شہدا غلام حسن لون ، شاہ محمد سلطان اور عبد الوحید بٹ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
حزب المجاہدین کمانڈ کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ گلگام کپواڑہ کے غلام حسن لون عسکری تحریک کے بانی رہنما ہیں۔80 کی دہائی میں تحریک آزادی کو ایک سمت اور حریت پسند جوانوں کو متحرک کرنے میں مرحوم کا ایک کلیدی کردار رہاہے۔ پیپلز لیگ اورمسلم جانباز فورس کے بانی کمانڈر تھے۔ ایک درویش صفت انسان تھے۔تحریک آزادی میں ان کا کردار سنہری حروف سے لکھنے کے قابل ہے۔ پوری زندگی ابتلا و آلام اور قیدوبند کی صعوبتوں میں گزاری۔
سید صلاح الدین نے مرحوم شاہ محمد سلطان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت ہی اعلی انسان تھے۔تحریک آزادی اور اسلام کی سربلندی کے لئے آخری لمحے تک جدوجھد کرنے والے شفیق و مہربان رہنما تھے۔وہ امام گیلانی کے قریبی ساتھیوں میں شمار کئے جاتیتھے۔پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور تحریک آزادی کیلئے وقف کی تھی۔ مرحوم عبد الوحید بٹ کیرن کپواڑہ جو مہاجرت کی حالت میں ٹھوٹھہ مظفرآبادمیں اِس فانی دنیا سے انتقال کرگئے کے متعلق سید صلاح الدین نے کہا کہ مرحوم نے آزادی وطن اور اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی زندگی کا ہرلمحہ قربان کیا۔جب تک وادی میں رہے دشمن کو ہر محاذ پر زچ کرتے رہے اور جب مہاجرت کے دشوار گذار راستے کے راہی بنے تو اس عرصہ میں بھی کبھی کسی قسم کی کمزوری نہ دکھائی۔
اجلاس میں اِن تمام رہنماؤں کے علاوہ معروف تحریکی رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے بانی رہنما شاہ ولی محمد کی اہلیہ کے انتقال پر ملال پر بھی دکھ کا اظہار کیا گیا۔مرحومہ نتہائی نیک سیرت اور تحریک آزادی کے حوالے سے ایک مخلص خاتون تھیں۔ شاہ ولی محمد جب جیل کی چاردیواریوں کے پیچھے ہوتے تھے تو یہ خاتون صبرو رضا اور استقامت کا مینار بن کر کھڑی رہتیں۔
اجلاس میں ان مرحومین کے حق میں جنت نشینی کی دعا کی گئی اور اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ ان عظیم شخصیات کے چنے ہوئے راستے پر سفر۔۔۔حصول منزل تک جاری رہے گا۔اِن شا اللہ