مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد حدبندی کمیشن رپورٹ کا واحد مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا ہے، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ


اسلام آباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کے نام نہاد حدبندی کمیشن کی رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشق کاواحد مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے ، اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرارداوں اور چارٹر کے اصولوں پر عمدرآمد کرایا جائے جبکہ  پاکستان اور اوآئی سی کی جانب سے ضروری اقدامات اٹھا ئے جائیں بھارت میں ہندوتوا اور اسرائیل میں صیہونیت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،

ان خیالات کا اظہار حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں نے ایک سیمینار کے دوران کیا ،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام منگل کو اسلام آباد میں بھارت کے نام نہاد حلقہ بندی کمیشن کی حتمی رپورٹ اور مقبوضہ علاقے میں جاری کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کیلئے ایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔

سیمینار کی صدارت اے پی ایچ سی اے جے کے کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی۔جبکہ تحریک حریت کے کنوینرغلام محمد صفی نے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی ،اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے حلقہ بندی کمیشن کی رپورٹ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مشق کاواحد مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے اور کشمیری عوام بھارت کی کسی بھی ایسی مذموم مشق کی اجازت نہیں دیں گے۔

اے پی ایچ سی اے جے کے کے کنوینر محمد فاروق رحمانی  نے حلقہ بندی کمیشن کی رپورٹ کو ہٹلرکی ظلم وتشدد کی مہم اورجموں و کشمیر کو نام نہاد حلقہ بندی کے عمل کے ذریعے ہندو نسل پرست خطہ بنانے کاصیہونیوں کا طریقہ کارقراردیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت اس مذموم منصوبے کے ذریعے جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ رپورٹ انتہائی خطرناک ہے اور مسلم اکثریتی خطے کو اگلے 5سے10 برس میں ہندو خطے میں تبدیل کیاجاسکتا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دیگر ارکان نے بھی مقبوضہ کشمیر کے مختلف حصوں میںنہتے کشمیریوں کے قتل عام کے حالیہ واقعات پر شدیدتشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کا قتل عام آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی کی پالیسی ہے جس کا مقصد کشمیر سے باصلاحیت اور ہونہار نوجوانوں کی نسل کشی کرنا ہے تاکہ مقبوضہ علاقے معاشی طور پر کمزورکیا جاسکے جس کا ہرممکن انحصار بھارت پرہو۔انہوں نے کہاکہ یہ بات واضح ہے کہ بھارت میں ہندوتوا اور اسرائیل میں صیہونیت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک کے اس ناز ک موڑ پر بھارتی ظلم وتشد د ،ہتھکنڈوں اور مودی سرکار کے کشمیریو ں کے خلاف مذموم عزائم کو عالمی سطح پر اٹھاکر انہیں بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کے نام نہاد جمہوری اقدامات کی آڑ میں کشمیریوں کے خلاف مودی حکومت کوعزائم کو ناکام بنایا جاسکے،

حریت رہنماؤں نے زوردیا کہ اس سلسلے میں  اقوام متحدہ کی قراردادوں اور چارٹر کے اصولوں پرعملدرآمد کرایا جائے جبکہ پاکستان اور اوآئی سی کی جانب سے فوری ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔