حکومت پاکستان آزاد کشمیر گلگت بلتستان پر مشتمل ایک قومی حکومت تشکیل دے


واشنگٹن(صباح نیوز) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائد امان اللہ خان مرحوم کی چھٹی برسی کے موقع نیو یارک میں کشمیری جماعتو ں کی کل جماعتی کشمیر کانفرنس ہوئی۔ کل جماعتی کشمیر کانفرنس میں  حکومت پاکستان کو آزاد کشمیر گلگت  بلتستان پر مشتمل ایک قومی حکومت تشکیل دینے یا گلگت  بلتستان میں آزاد کشمیر طرز پر با اختیار حکومتی ڈھانچہ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا  گیاتاکہ بین الاقوامی سطح پر کشمیری اپنے قومی مسئلے کو از خوداُجاگر کرسکیں۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نارتھ امریکہ کے صدر محمد حلیم خان  نے  کانفرنس کی  نظامت کی جنرل سیکریٹری اشرف گلشن  نے صدارت جبکہ ورلڈ کشمیر ایوئرنس کے سربراہ ڈاکٹر غلام نبی میر نے بطور مہمان خصوصی جبک تھے نیویارک میں موجودجملہ سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندگان کے علاوہ کشمیری ڈائسپورہ نے بھی شرکت کی۔

ترجمان  لبریشن فرنٹ کے مطابق  شرکائے کانفرنس نے بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں گذشتہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو مقبوضہ علاقعہ میں قتل و غارتگری ،گرفتتاریوں اور دیگر انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا جائے۔

کانفرنس میں ہند و پاک پر ریاستی عوام کے حق آزادی و حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے اورریاست جموں کشمیر سے مکمل فوجی انخلاء پر بھی زور دینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ مسئلہ کشمیر کا مستقل، پائیدار اور جمہوری حل ممکن بنایاجاسکے۔شرکائے کانفرنس نے منظور کردہ قراردادوں میں قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے اپنے قومی موقف کی وضاحت اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست جموں کشمیر ایک ناقابل تقسیم سیاسی وحدت ہے جس کے مستقل تقسیم کی طرف جانے والے ہر مزموم ارادے کو قومی سطح پر ناکام بنادیا جائے گا۔ 5  اگست 2019ء کی بھارتی یکطرفہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے شرکاء نے گلگت  بلتستان بارے پاکستان کے مجوزہ منصوبے کو یکسر مسترد کیا اور کہا کہ ایسا عمل نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی ہندوانتہاء پسند حکومت کے نقش ِ قدم پر چلنے کے مترادف ہوگا کیونکہ اس اقدام سے تقسیم ریاست جموں کشمیر کی راہیں ہموار ہوں گی۔

کانفرنس میں بھارت سے کشمیری قوم کے ہردلعزیز قومی رہنما و چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک ، جو گذشتہ کئی برسوں سے بدنام زمانہ بھارتی تہاڑ جیل میں پابند سلاسل ہیں، سمیت جملہ آزادی پسند اسیران کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکائے کانفرنس نے موجودہ تحریک آزادی و جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی رہنما قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ،جنہوں نے اپنی پوری زندگی ریاست کی مکمل آزادی و خودمختاری کے حصول کے لئے وقف کی۔شرکائے کانفرنس نے امان اللہ خان مرحوم کے مشن کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے مرحوم سمیت جملہ شہدائے جموں کشمیر کے بلندئے درجات اور ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔

               کانفرنس میں امریکہ میں لبریشن فرنٹ کے ذمہ داران، قائدین و کارکنان اور ورلڈ کشمیر ایوئرنس کے سربراہ ڈاکٹر غلام نبی میر کے علاوہ محمد رمضان رانا (صدر پاک امریکن لائرز فار رائٹس)، سردار سوار خان ( سابق ممبر کشمیر کونسل)، راجہ عبدالرزاق ( چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن، امریکہ)، عرفان میر (پی پی پی)، رضوان حمید (پی پی پی)، سردار امتیاز (پی ٹی آئی)، سردار نیاز (جے کے پی پی)، سردار امتیاز گڑھالوی ایڈووکیٹ (جماعت اسلامی)، خواجہ ظفر ( لبریشن لیگ)، آفتاب شاہ، محمد صابر، راجہ اعظم (مسلم کانفرنس)، محمد تاج، محمد کبیر، فاروق بلوچ (پی ایم ایل این ) اور کشمیری ڈائسپورہ کے اہم اشخاص سمیت لبریشن فرنٹ نارتھ امریکہ کے نائب صدر راجہ مختار کے علاوہ پارٹی کے متعدد ممبران نے شرکت کی۔