کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ  مسترد کر دی


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ  مسترد کرتے ہوئے  کہا ہے کہ کمیشن نے تمام اصول وضوابط اورقانون و انصاف کی دھجیاں اڑاتے ہوئے وادی کشمیر کے مسلمانوں کو دیوار سے لگانے کی بھر پور کوشش کی ہے ۔کمیشن کی حتمی رپورٹ نے ثابت کردیا ہے کہ اس نے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے نہیں بلکہ مودی حکومت کی عین ہدایات کے مطابق کام کیا ہے ۔ ہندو اکثریتی خطے جموں کیلئے مزید چھ نشستوں کا ا ضافہ بی جے پی کو فائدہ پہچانے کیلئے کیا گیا ۔

جموں و کشمیر میں حریت رہنما خادم حسین نے کہا ہے کہ بھارت کے تشکیل کردہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ نے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ نریندر مودی کی دشمنی ایک مرتبہ پھر واضح کر دی ہے۔

خادم حسین نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اس سارے معتصبانہ عمل کا واحد مقصد کشمیری مسلمانوں پر بی جے پی کے وزیر اعلی کو مسلط کرنا ہے۔دریں ا ثنا  خادم حسین نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے پے در پے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جبر و استبداد کے وحشیانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی اور جموں وکشمیر بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزاد ہوگا۔ انہوں نے حال ہی میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے لواحقین سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔