وزیراعظم کا شیشپر گلیشیئر جھیل سے تباہی پر ہنگامی اقدامات کاحکم


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے شیشپر گلیشیئرکے باعث بننے والے جھیل سے پانی کے اخراج سے ہونے والی تباہی پر ہنگامی اقدامات کاحکم دیدیا ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت اورمحفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے،وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچانے اور وفاقی اداروں کو گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپورمعاونت کا حکم دیا ہے

وزیراعظم نے نقصانات اور متاثرہ عوام کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعظم کا شاہراہِ قراقرم پر حسن آباد پل گر نے کے سبب متبادل راستہ تیار کرنے ،زرعی اور پینے کے پانی کے نظام کی تباہی ، 2 بجلی گھر متاثر ہونے کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کردی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ 700 اور250 میگاواٹ بجلی گھروں کی جنگی بنیادوں پر بحالی کی جائے،بجلی گھروں کی بحالی ومرمت پر اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی،متاثرہ عوام کی بھرپور ہنگامی مدد اور بحالی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کرلی،وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے نقصانات پر اظہار ہمدردی اور افسوس بھی کیا ہے ۔