مظفرآباد (صباح نیوز) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ 27اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔
لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری ہندوستان کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ منایا۔
ہندوستان نے اپنے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر کی پاک دھرتی پر رکھے اور اپنی فوجیں کشمیر میں اتارکرکشمیریوں کے حقوق سلب کرتے ہوئے غیر قانونی قبضہ کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع کیا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی یکسر محروم کردیا گیا۔
کشمیر پر اپنے ناجائز تسلط کو قائم رکھنے کے لئے ہندوستان گزشتہ سات دھائیوںسے اپنی قابض فورسز کے ذریعے ریاستی دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ خطے میںپائیدارامن کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کوکشمیر ی عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ہمارا اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ وہ اپنی قراردادوںپر عملدرآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور حریت قیادت کو نظر بند کیاہوا ہے۔ کشمیری جوانوں کو عقوبت خانوںمیںرکھا گیا ہے ، آئے روز کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے ، بچے اور بزرگ بھی ہندوستان کے ظلم و بربریت سے محفوظ نہیں۔
ہندوستان کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیریوں نے اپنے عزم و استقلال سے ثابت کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے غیر قانونی تسلط کو کسی صورت قبول نہیںکرتے اور اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے جب تک ہندوستان کے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر کی پاک دھرتی سے اکھڑ نہیں جاتے۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری ، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کوا نکا بنیادی حق حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس وقت مسئلہ کشمیر ایک اہم اور نازک موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہذا ہم سب کی یہ قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز عالمی ایوانوں تک پہنچائیں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری نولاکھ بھارتی فوج کی بربریت کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کریں اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ 05اگست2019کے بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ورنہ جنوبی ایشیاء کا امن خطرہ میںپڑھ سکتا ہے۔