آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی سیاسی بحران کا واحد حل ہیں، حمزہ شہباز


فیصل آباد (صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو ملک میں سیاسی بحران کا واحد حل قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی میدان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، عمران خان  نے پاکستان کے آئین کو نقصان پہنچانے اور قانون کو پامال کرنے کے لیے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت معیشت اور گورننس کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے، گزشتہ 4 سالوں میں پی ٹی آئی نے جھوٹ کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران خان نے نیا پاکستان کا وعدہ کبھی پورا نہیں کیا اور اس کے بجائے پرانے کو تباہ کر دیا۔

حمزہ شہباز نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لہذا اب وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے پرانے پاکستان کو بحال کرنے کا سفر شروع کر دیا ہے جہاں ترقی کی شرح 5.8 فیصد تھی، مزدوروں کو وقت پر تنخواہ ملتی تھی اور اشیائے ضروریہ دستیاب تھیں۔

انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور ایسے اقدامات کریں گے جو عوام کے لیے فائدہ مند ہوں گے اور مجھے یقین ہے کہ آنے والے دور میں جب بھی انتخابی اصلاحات مکمل ہوں گی، اس وقت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی ملک کے بحران کا واحد حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ ان تمام چیلنجز کے باوجود خدا راہ ہموار کرے گا اور ان شا اللہ ہم اس ملک کو قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے،

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) میدان میں اتر کر عمران خان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔حمزہ شہباز نے سابق وزیراعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لیکن کچھ لوگ ملک میں خانہ جنگی شروع کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے اور وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کی مثالیں دیتے ہوئے کہا میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ عمران خان ایک ایسا شخص ہے جس نے پاکستان کے آئین کو نقصان پہنچانے اور قانون کو پامال کرنے کے لیے خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے برعکس ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے لیکن ہم عمران کو اس بات کے لیے معاف نہیں کریں گے کہ اس کی وجہ سے لوگوں کو چینی، گندم اور دوائیوں کے لیے قطاروں میں کھڑا ہو کر انتظار کرنا پڑ رہا ہے، ہم یہ حقیقت سامنے لائیں گے کہ اس نے کس طرح عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا اور اسے اس حرکت کی قیمت ادا کرنا ہوگی