سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں یونائیٹیڈریزسٹینس فورم کی وائس چیر پرسن و سربراہ جموں وکشمیر ماس موومنٹ فریدہ بہن جی نے عیدالفطر کے موقع پر کشمیری اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ضرورت مند لوگوں خاصکر شہداء کے لواحقین کو خوشی کے ان لمحات میں یا درکھا جائے،کشمیری عوام کی حقیقی عید اس روز ہوگی جب وہ ایک آزاد فضاء میں سانس لیں گے ،
عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی کشمیر کے نہتے عوام کا قتل عام جاری رہا،چار دیواری کی حرمت کو پامال اور گھروں کو دھماکوں سے اڑایا گیالیکن دنیا ایک خاموش تماشائی بنی ہوئی ،
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اس وقت ایک مشکل اور آزمائش کے مرحلے سے گذر رہی ہے ،قابض فوج نے ان کا جینا مشکل بنادیا ہے ،کشمیری بھارت کی ہٹ دھرمی اور جارحانہ پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ سات دہائیوں سے بے پناہ مصائب کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو دبانے کے لیے کالے قوانین اور ماورائے عدالت ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے تاہم کشمیر ی عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ڈٹ کر بھارتی ظلم وستم کا بہادری سے مقابلہ کررہے ہیں ،
کشمیری خاتون رہنماء نے کہاکہ کشمیریو ںکے بلند حوصلوں کے آگے بھارت کے ہر حربے ناکام ہوچکے ہیں اب بھارت کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے اپنے مذموم منصوبے پر عمل پیر ا ہے جس کے لئے بھارت کی مودی سرکار مرحلہ وار منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہے انہوں نے خبر دار کیا کہ مودی سرکا رکو اگر اس مرحلے پر نہ روکا گیا تو اس سے پورے خطے کے امن خطرے میں پڑجائیگا،
فریدہ بہن جی نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور دیگر مساجد اور درگاہوں کوبار بار بند کئے جانے کی قابض انتظامیہ کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو اپنے ہی سرزمین پر ازادی کے ساتھ نماز کی اجازت نہ دینا مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت ہے جس کو کشمیری مسلمان کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،
انہوں نے کہا کہ عید خوشی اورمسرت کا دن ہے تاہم مظلوم کشمیریوں اور دیگر تمام مظلوموں کے لیے حقیقی عید اس دن ہوگی جب وہ غیر قانونی اور ناجائز قبضوں سے مکمل آزادی حاصل کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں ہے جب کشمیر ایک ناجائز قبضے سے آزادہوگا اور پوری کشمیری قوم ایک مکمل آزاد ماحول میں عید کی خوشیاں منائے گی۔
انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ و ہ ضرورت مندخاصکرشہدا کے خاندانوں کا خیال رکھیں جنہوں نے مادر وطن کو بھارت کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں،انہوں عید کے اجتماعات میں کشمیر کی آزادی اور شہداء کے لئے خصوصی دعائیں کرنے کی بھی اپیل کی ہے