تینوں جماعتوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، قوم کے لیے جماعت اسلامی واحد آپشن ہے۔ میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ  اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذکی طر ف ایک قدم بھی نہیں بڑھایا گیا ، قوم کو سمجھ جانا چاہیے کہ ظالم کا ساتھ دینا، ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے، عوام کو صالح اور ایمان دار لوگوں کو آگے لانا ہوگا تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بن سکے،

انھوں نے کہا  وزیر اعظم شہباز شریف کو محض الزام تراشی اور سابقہ حکومت کی بری کارکردگی کا رونا رونے کی بجائے اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی، ملک میں قانون کی بالادستی ،مہنگائی کا خاتمہ ، آئی ایم ایف سے چھٹکارا، سودی معیشت سے نجات حکو مت کی ترجیح اول ہو نی چاہیے ،

انھوں نے کہا  ملک میں مہنگائی کے سونامی نے غریب آدمی کا جینا دُوبھردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی ٹین میں افطار پارٹی کے شر کاء سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ناظم زون ڈاکٹر طاہر فاروق ، گروپ لیڈر یو نین کونسل جی ٹین سیف السلام اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا  جماعت اسلامی دہائیوں سے کرپٹ سرمایہ دارانہ سودی معیشت کے خاتمے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے،رمضان المبارک میں وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ قوم کے لیے امید کی کرن ہے، تینوں جماعتوں کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، قوم کے لیے جماعت اسلامی واحد آپشن ہے، ہمارا یہ عہد ہے کہ اقتدار میں آ کر انصاف اور قانون کی بالادستی قائم کریں گے، نظام تعلیم کو جدید اسلامی اصولوں پر استوار کیا جائے گا، عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔