باغ( صباح نیوز)سابق چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ قرآ ن وسنت کے مطابق کاروبار عین عبادت ہے، اللہ تعالیٰ نے زندگی کے ہرشعبے میں انسانوںکی رہنمائی کے لیے قرآن میں اصول بیان کردیئے ہیں،ملاوٹ اور دھوکہ دہی کے بغیر قرآن وسنت کے مطابق کاروبارسنت نبوی ہے،مسلمان کاروبار کے لیے دنیا میں جہاں بھی گئے اپنی امانت دیانت اور کردار کے باعث اسلام پھیلایا،غریبوں اور بے سہارالوگوں کی مدد اورخدمت سے بھی کاروبار میں اللہ وسعت دیتاہے ۔
ان خیالات کااظہارانہوںنے عثمان جنرل سٹور کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔عبدالرشید ترابی نے کہاکہ اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے تاجران اپناکردار ادا کریں ۔انہوںنے کہاکہ اللہ نے ہمیں آزادی کی نعمت سے نوازاہے ہمارے بھائی مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کے لیے لڑرہے ہیں وہ ابھی تک آزادی کی دولت سے محروم میں مگر آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں،آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کی پاداش میں ان کے کاروبار ختم اور تباہ کردیئے گئے مگر وہ آزادی کے مورچے میں ڈٹے ہوئے ہیں،ہمارے اسلاف نے بھی قربانیاں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے پیش کیں تھیں مگر مشن ابھی تشنہ ہے،آیئے آج ہم سب یہ عہد کریں کہ اس مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کریںگے۔
کاروباری طبقہ نفاذ اسلام میں کلیدی کردار ادا کرسکتاہے،ریاست کے ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسی طرح نفاذ اسلام کے لیے جدوجہد کرے جس طرح ہمارے اسلاف نے آزادی کے لیے جدوجہد کی تھی،ہمارے سارے مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذمیں مضمر ہے،آج ہم جن مسائل کا شکار ہیں اس کی بڑی وجہ قرآن وسنت سے دوری ہے،ہماری پارلیمنٹ ،عدالت ،تھانہ کچہری،مارکیٹ اسلام کی جھلک سے خالی ہے،یہ سارے ادارے اسلامی قانون ااور اصول کے مطابق چلیںتو دنیا امن کو گہواہ بن جائے ۔