اے این پی رہنماعمران خان آفریدی کا ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان


پشاور(صباح نیوز)اے این پی کے مرکزی رہنما اور وزیراعلی کے سابق مشیر عمران خان آفریدی نے اپنے خاندان اور ہزاروں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا 28 نومبر کو باڑہ میں بڑا جلسہ منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس حوالے سے یونیورسٹی ٹاون پشاور میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئرا میر مقام نے وفد کے ہمراہ عمران آفریدی کی رہائش گاہ پر گئے اور انہیں مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دی جو انہوں نے قبول کی اور باقاعدہ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی وفد میں مسلم لیگ ن کے ترجمان اختیار ولی خان اور شازیہ اورنگزیب بھی شامل تھیں۔

انجینئر امیر مقام نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران آفریدی سے نہ صرف ضلع خیبر بلکہ پورے صوبے میں مسلم لیگ ن مزید مضبوط اور مستحکم ہو گی میں اپنی اور پوری پارٹی کی طرف سے انہیں خوش آمدید کہتا ہوں وقت کا تقاصہ ہے کہ اگر کو بچانا ہے تو نواز شریف کا ساتھ دینا ہو گا عمران خان آفریدی مسلم لیگ ن کے استحکام کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔

علاوہ ازیں پشاور میں مسلم لیگ ن کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ،ڈی ایم) کی صوبائی قیادت کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئرا میر مقام نے کہا کہ نام نہاد وزیراعظم اور انکی کابینہ کے دن گنے جا چکے ہیں 20 نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی میں تمام پارٹیاں بھر پورشرکت کرینگی، اجلاس میں جے یو آئی کے سنیٹر مولانا عطا الرحمان، ایم این اے مرتضی جاوید عباسی اور پی ڈی ایم کی دیگر صوبائی لیڈر شپ شریک ہوئی۔

امیر مقام نے کہاکہ، پتہ نہیں کہ عمران کوکیاشوق ہے کہ عوام کے بعد پارلیمنٹ نے بھی مسترد کیا اور پھر بھی وزیراعظم کی کرسی پر  بیٹھا ہے، پی ٹی آئی کی تبدیلی لوگوں کے گلے پڑ گئی ہے ان کے وزیراعلی اور وزیر الیکشن شیڈول کے اعلان کے باوجود جلسے کر رہے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں مگر عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ یہ ملک نواز شریف کا ہے بہت جلدوہ یہاں کے عوام میں ہونگے جب بھی ڈاکٹر اجازت دینگے تو وہ پاکستان واپس آئیں گے پیپلز پارٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پوری اپوزیشن ساتھ ہے جبکہ پارلیمنٹ سے باہر بھی تمام سیاسی جماعتیں نیازی حکومت ختم کرانے پر متفق ہو چکی ہیں انشا  اللہ بہت جلد موجودہ نالائق حکمرانوں کا دھڑن تختہ کیا جائیگا عوام اب بیدا رہو چکے ہیں اور اس عوامی سیلاب کو روکنا اب نیازی حکومت کے بس کی بات نہیں 20 نومبر کو پشاور میں تاریخی احتجاج ہو گا۔