کشمیری بھارتی وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے موقع پر یوم سیاہ منائیں گے، وزیر اعظم آزادکشمیر


اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے موقع پر آج  24اپریل کوکشمیری عوام یوم سیاہ منائیں گے ۔

  سردار تنویر الیاس خان نے جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کوآزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے جبری قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مودی 8 لاکھ بھارتی فوج کے حصار میں مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کوتنازعہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارتی حکمران اکھنڈ بھارت کے خواب دیکھ رہے ہیں اور ہندو توا کو فروغ دے رہے ہیں جس سے جنوبی ایشیا کا امن خطرے سے دوچار ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیریوں کی قاتل ہے اورکشمیری قابض بھارتی فوج کو مقبوضہ علاقے سے نکال کرہی دم لیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مودی کا ہندو توا نظریہ انتہائی خطرناک ہے اورانہوں نے بھارت کو جنونیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ سردارتنویر الیاس نے سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی آواز تھے ،کشمیری شہدا سبز ہلالی پرچم میں دفن ہونا اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا اگرسوڈان میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے،مشرقی تیمور میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیر میں ریفرنڈم کیوں نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم کوہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس(آزاد کشمیر شاخ) کے کنوینرمحمد فاروق رحمانی ،آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان اورتحریک انصاف کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔