پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے۔

ان خیالات کااظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات کے دوران گفتگو میںکیا۔ الہان عمر نے صدر مملکت سے بدھ کے روز ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔

صدر مملکت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئی ٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سب سے اہم شعبہ ہے اور امریکی تاجر اس شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر الہان عمر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔