اسلام آباد:جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے اسیر چیرمین یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے 74 سال مکمل ہونے پر اقوام متحدہ سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کردیاہے، مشعال ملک نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27اکتوبر1947کوبھارت نے کشمیر میں ظلم کا آغاز کیا اور بھارتی فوج کی ظلم بربریت 74 سال بعد بھی جاری ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ آج کے دن بھارت کی دہشت گرد فوج جنت نظیر وادی میں داخل ہوئی اور بدقسمتی سے یو این او کی لسٹ میں سب سے پرانا مسئلہ آج تک حل نہ ہو سکا۔انھوں نے مزید کہا بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے ، یواین او اپنی ہی قراردادوں پر آج تک عمل کرنے میں ناکام رہی، مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔