خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی مختلف کارروائیاں،چپس فیکٹری سیل


مردان،کوہاٹ (صباح نیوز)ماہ رمضان میں خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے مخلتف شہروں میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مردان میں مس برانڈنگ اور مس لیبلنگ پر  چپس فیکٹری سیل کردی گئی ، چپس فیکٹری سے 200 کلو مختلف کمپنیوں کے نام پر تیار چپس برآمد کیے گئے۔

دوسری کارروائی ہری پور میں کی گئی، جہاں میڈیکل  سکریننگ سرٹیفکیٹ اور لائسنس نہ رکھنے پر متعدد میٹ شاپس سیل کرکے4 قصاب گرفتار کرلئے گئے ۔تیسری کارروائی کوہاٹ میں کی گئی جہاں بیکری  پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مار کر500 لیٹر سے زائد مضر صحت خوردنی تیل برآمد کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے جعلی گڑ تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف کی گئی کارروائی کے نتیجے  میں 1400 کلو چینی، خراب گڑ اور مضر رنگ  ضبط کرلیا گیا تھا۔ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ یونٹ میں گنے کے بجائے چینی، خراب گڑ اور مضر صحت رنگوں کی مدد سے گڑ تیار کیا جارہا تھا۔

ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مارکیٹ میں صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، عوام بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف شکایات ہمارے ٹال فری نمبر پر درج کرائیں۔