اسلام آباد (صباح نیوز) نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافہ کی منظوری دے دی۔ صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادائیگی کرنا ہو گی۔
بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہو گا۔ بدھ کے روز سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔
دوران سماعت بتایا گیا کہ فیول کی سپلائی اور آر ایل این جی کی سپلائی میں بہت زیادہ مشکلات ہیں اور ان مشکلات کی وجہ سے ایک تو ایل این جی سپلائی نہیں کی گئی جبکہ دیگر کچھ مسائل بھی تھے جن کی وجہ سے صارفین پر کچھ اضافی بوجھ بھی پڑا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ستمبر میں بجلی کی طلب میں سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وائس چیئرمین نیپرا نے دوران سماعت استفسار کیا کہ فیول کے حوالے سے بروقت منصوبہ بندی کیوں نہیں کی گئی۔ ایسا کیوں نہیں ہو سکتا کہ سی پی پی اے ایل این جی خریدنے والوں بروقت پیشگوئی کر دے اور اس بات کا تعین کر لیا جائے کہ سستا ایندھن کون ہے تو صارفین کو سستے ایندھن سے بجلی پیدا کر کے دی جائے۔
اس پر ایڈیشنل سیکرٹری پاور نے بتایا کہ جو پاور ڈویژن ہے اس نے جنوری تک چار ماہ کی اور فروری تک بجلی کی پیداوار کے لئے جو فرنس آئل استعمال ہونا ہے اس کی طلب دے دی ہے۔
سماعت کے بعد چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ مشکلات کے مسئلہ کا اس وقت تو کوئی حل نہیں اس کو اتھارٹی دیکھے گی۔ نیپرا کی جانب سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔