بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29مئی کو کرانے کی تیاریاں شروع


کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29مئی کو کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ کوئٹہ اور لسبیلہ میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں ہو گا۔صوبائی الیکشن کمیشن نے کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29مئی کو کرانے کے لیے تیاریاں شروع کر دیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبے میں بلدیاتی انتخابات پرانے طریقہ انتخاب پر ہی ہوں گے، صوبے میں براہ راست انتخاب صرف وارڈز کے کونسلر کا ہو گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر فیاض مراد نے ایک نجی ٹی وی کو بتایا کہ صوبے میں 838یونین کونسلز، 34 ڈسٹرکٹ کونسلز، 54 میونسپل کمیٹیاں، 8 میونسپل کارپوریشنز اور ایک میٹر وپولیٹن کارپوریشن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں یونین کونسل کے وارڈز کی سطح پر کونسلر کا انتخاب براہ راست عوام کریں گے، اس انتخاب کے بعد یونین کونسل میں 33 فیصد نمائندگی خواتین، پانچ فیصد اقلیت، پانچ فیصد کسان اور پانچ فیصد ورکر کو دی جائے گی، یہ تمام کونسلرز اپنے درمیان سے ایک کو چیئرمین اور ایک کو وائس چیئرمین بنائیں گے۔

صوبائی الیکشن کمشنر فیاض مراد نے بتایا کہ یونین کونسل کا چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کا ممبر ہو گا جو ملکر ڈسٹرکٹ چیئرمین اور وائس چیرمین کا انتخاب کریں گے، اسی طرح میونسپل کمیٹی، میونسپل کارپوریشن اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وارڈز میں کونسلرز کا انتخاب براہ راست ہو گا، یہ کونسلرز چیئرمین اور مئیر کا انتخاب کریں گے۔