پنجاب میں نیا آئینی بحران’پی ٹی آئی نے اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی


لاہور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عمدم اعتماد جمع کروا دی جس کے بعد صوبے میں ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے تحریک انصاف کی قیادت نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری لی تھی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میاں محمودالرشید، ڈاکٹر مراد راس اور دیگر ارکان اسمبلی کے دستخطوں سے جمع کرائی گئی ہے۔اس حوالے سے ترجمان ق لیگ نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے کے بعد سردار دوست محمد مزاری اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے مجاز نہیں رہے۔

دوسری جانب دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ یہ الیکشن وزیر اعلی کے لیے ہے میرے لیے نہیں، قانون کے مطابق پنجاب اسمبلی اجلاس کی صدارت کر سکتا ہوں۔یاد رہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے گزشتہ روز پہلے 6 اپریل کو ہونے والا اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا اعلامیہ جاری کیا اور پھر رات دیر گئے اجلاس کی تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے 6 اپریل کر دی گئی۔مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اجلاس 6 اپریل کو بلانے کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا تھا۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پیدا ہونے والے آئینی بحران کے باعث دوست محمد مزاری کا تحریک انصاف سے اپنی راہیں جدا کرنے کا امکان ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے ڈپٹی سپیکر سے تمام اختیارات واپس لے لیے

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو تفویض کردہ تمام اختیارات واپس لے لیے۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق  پنجاب اسمبلی آرٹیکل 235 کے تحت ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اختیارات اسپیکر کی ہدایات پر واپس لیے جا رہے ہیں، نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ ادراوں کو بجھوا دی گئی ہے۔ترجمان پنجاب  اسمبلی کا کہنا ہے کہ اختیارات  واپس لیے جانے کے بعد اب ڈپٹی اسپیکر اجلاس طلب  نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل  پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عمدم اعتماد جمع کروائی تھی جس کے بعد صوبے میں ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق اجلاس سولہ اپریل کو ہی ہو گا، ڈپٹی سپیکر کے احکامات کا کوئی ڈائری نمبر یا ریکارڈ نہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی لابی میں مبینہ توڑ پھوڑ کا معاملہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے لابی کا دورہ کیا اور نقصان کا جائزہ لیا۔اسپیکر پرویز الہی نے لابی اور مختلف حصوں کے نقصان کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگا کر جلد از جلد مرمت کا کام شروع کیا جائے۔