ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا سادہ آرڈر نہیں مانتے،اجلاس نہیں ہوسکتا، ق لیگ


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ق) کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، اجلاس آج نہیں ہوسکتا۔

گزشتہ روز ق لیگ کے ترجمان نے نجی ٹی وی  سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، اجلاس نہیں ہوسکتا، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا سادہ آرڈر نہیں مانتے وہ غیر قانونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزٹ نوٹی فکیشن جاری ہوا تو ہی پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوگا۔

دوسری جانب ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلی اجلاس ہوگا۔

دوست محمد مزاری کے ایک حکم نامے کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس شام ساڑھے 7 بجے طلب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وکلا سے مشاورت کے بعد اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی۔