پوری قوم کی نگاہیں سپریم کورٹ پر لگی ہیں، اعلیٰ عدلیہ آئینی بحران سے ملک و قوم کو نکالے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آئین کو جس انداز میںعمران خان نے اپنے پائوں تلے روندا ہے اس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ قوم کی نگاہیںسپریم کورٹ پر لگی ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ آئینی بحران سے ملک و قوم کو نکالنے کے لیے فوری اقدام کرے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے فوج کا آئین کے ساتھ کھڑے رہنے کے بیان خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین کے مطابق پارلیمانی نظام کے خلاف بہت بڑی سازش کی گئی ۔ آئین شکنی کسی طور پر بھی قبول نہیں۔ جمہوریت کے استحکام کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو افہام و تفہیم سے کام لینا ہوگا۔ ملک و قوم کو آئینی و سیاسی بحرانوں سے جلد نکالنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ ایک ایک کرکے عمران خان کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کو جس طرح کھڑا کیا گیا تھا، آج اسی طرح وہ تتر بتر ہورہی ہے۔ چور دروازوں سے اقتدار کی خوہش کرنے والوں کے لئے تبدیلی سرکار کا انجام نشان عبرت ہے۔ غیر جمہوری طریقوں سے اقتدار میں آنے والوں کا انجام قوم نے دیکھ لیا ہے۔ عمران خان کو ایک خط کو جواز بنا کر جمہوریت کی بساط لپٹنے کا جواب دینا ہوگا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو کمزور اور داخلی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ تینوں جماعتوں نے پاکستان کے 22کروڑ عوام کو مایوس کیا ہے اورعوام کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کیا ہے۔