کراچی (صباح نیوز)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کے اقدار کو جانچنے کا طریقہ یہ ہے کہ دیکھا جائے کہ اس ملک میں اقلیتوں کے ساتھ کیا رویہ اختیار کیا ہوا ہے، جن ممالک میں میں اقلیتوں کو عزت و تکریم دی جاتی ہے وہ تہذیب یافتہ ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اقلیتوں کے حقوق کے لئے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ہندو برادری کے تہوار دیوالی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
گورنر سندھ نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ ہندوستان میں اس حوالے سے معاملہ بالکل برعکس ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اسی لئے پاکستان کی حکومت تمام مذاہب کے لوگوں کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں رہنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو برابر حقوق حاصل ہیں جس طرح ہماری حکومت نے کرتار پور راہداری کھول کر سکھ برادری کے لئے آسانیاں پیدا کی ہیں اسی طرح آئندہ بھی اقلیتوں کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے۔
گورنر سندھ نے مذید کہا کہ پاکستان کی معیشت اور دیگر شعبوں میں ہندو برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔