گلشن اقبال، لیاری کے بعد رنچھوڑ لائن میں قائم عمارت کی باری آگئی


کراچی (صباح نیوز)گلشن اقبال، لیاری کے بعد رنچھوڑ لائن میں قائم عمارت کی باری آگئی، سندھ ہائیکورٹ نے سول اسپتال کے پیچھے رنچھوڑ لائن میں قائم عمارت کا غیر قانونی حصہ گرانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سول اسپتال کے پیچھے رنچھوڑ لائن میں قائم عمارت کا غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈی جی ایس بی سی اے اور ڈائریکٹر کیخلاف توہین عدالت کارروائی کی جائے۔ 13 سال سے عمل نہ کرنے پر عدالت ایس بی سی اے حکام پر سخت برہم ہوگئی۔

ایس بی سی اے وکیل نے موقف دیا کہ دو 2012 میں غیر قانونی تیسری منزل پر کارروائی کی تھی۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے تصاویر کا جائزہ لینے کے بعد ریمارکس دیئے کارروائی ایسی ہوتی ہے۔ ذرا سا ہتھوڑا مارا، چار بلاک نکالے اور بس۔ یہ فرضی اور نمائشی کارروائی نہیں چلے گی۔

جسٹس محمد فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے 2008 سے کیس چل رہا ہے ایسے تو ساری زندگی چلے گا۔ وکیل ایس بی سی اے نے موقف دیا اس وقت کے ڈی جی تو ریٹائرڈ ہوگئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے انہیں وارنٹ گرفتاری جاری کرکے بلا لیں گے۔ عدالت نے غیر قانونی تیسری فلور کو مکمل ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ ڈائریکٹر کو رپورٹ کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔