بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں 4 ہزار رنز بنانے والے تیز ترین ایشین پلیئر بن گئے


لاہور (صباح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹ میں چار ہزار رنز مکمل کرلیے۔پاکستانی کپتان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں اپنی اننگز میں 15واں رنز مکمل کیا جس کے بعد وہ4 ہزار رنز بنانے والے تیز ترین ایشین پلیئر بن گئے۔

بابر اعظم نے 82 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے دوسرے تیز ترین 4 ہزار رنز مکمل کرنے والے پلیئر بھی بن گئے۔اس سے قبل ہاشم آملہ نے81 اننگز ، جو روٹ نے 91 اور بھارت کے ویرات کوہلی نے 93 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

اس کے علاوہ بابر اعظم 100 سے کم اننگز میں 4ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بھی ہیں۔ بابر سے قبل پاکستان سے تیز ترین 4ہزاررنز محمد یوسف نے 110 اننگز میں بنائے تھے۔واضح رہے کہ بابر نے تین ہزار سے چار ہزار رنز کا سفر صرف 14 اننگز میں مکمل کیا۔