لاہور(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہر اہم موقع پر نظر انداز کیا گیا۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی ڈرامے کا ابھی ڈراپ سین نہیں ہوگا، صرف ڈرامے کے کردار تبدیل ہوں گے، ہانڈی پک چکی، آدھی بٹ چکی، آدھی بانٹی جارہی ہے، بیرون ملک موجود بیمار کو ابھی طبیعت کے مطابق دوائی نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں اسلام کو لانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، ہمارا مستقبل اللہ کے فضل سے روشن ہے، ہمارا دامن پاک صاف اور دین سے جڑا ہوا ہے،۔ہم نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے، جلسوں کی سیاست سے تحریک عدم اعتماد پر فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے آرٹیکل 63 اے پر ریفرنس سے متعلق کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا کہنا ہے ووٹ کاسٹ بھی ہوں گے اور گنتی بھی ہوگی۔جرم ہوا نہیں اورعدالت پہلے پہنچ گئے، ووٹ کاسٹ نہیں ہوا ریفرنس دائر ہو گیا۔