عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عون چوہدری


لاہور (صباح نیوز)ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جہانگیر ترین گروپ نے مائنس بزدار مطالبہ واپس لینے کی حکومتی درخواست ایک بار پھر مسترد کردی ۔

گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے اپوزیشن اور حکومت سے رابطے جاری ہیں، روزانہ کی پیش رفت کے حوالے سے باہمی مشاورت بھی کررہے ہیں، حکومتی شخصیات کو ہر مرتبہ واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کے بعد ہی مزید مذاکرات ممکن ہیں اور عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مذاکرات اب وزیراعظم عمران خان یا وفاقی ٹیم سے ہوں گے، ڈاکٹرمراد راس سے ملاقات میں ترین گروپ نے کوئی لچک نہیں دکھائی۔انہوں نے کہا کہ ترین گروپ کے اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں میں کوئی حقیقت نہیں،ترین گروپ جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہے، ہمارا گروپ مشترکہ فیصلے کر رہا ہے۔