لاہور ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم 268 رنز پر ڈھیر، آسٹریلیا کی دوسری اننگز کا آغاز


لاہور(صباح نیوز) سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام ہوئی اور 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے بعد آسٹریلیا نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 11 رنز بنا کر 134 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان ٹیم نے تیسرے روز 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اپنی بقیہ اننگز کا آغاز کیا، کھانے کے وقفے کے بعد عبداللہ شفیق 81 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔اظہر علی 78 رنز کی اننگز کھیل کر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ چائے کے وقفے کے بعد فواد عالم 13 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

محمد رضوان ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گینڈ پر بولڈ ہوگئے اور ساجد خان کو پیٹ کمنز نے بولڈ کیا۔پھر نئے آنے والے کھلاڑی نعمان علی بابر اعظم کا ساتھ دینے آئے تو وہ 268 پر پویلین لوٹ گئے، یوں پاکستان کو 7ویں نقصان کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں حسن علی، بابر اعظم اور نسیم شاہ مجموعی اسکور میں کوئی اضافہ نہ کرسکے۔

پہلی اننگز میں پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابر اعظم 67 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، پیٹ کمنز نے 5 اور مچل اسٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو شکار بنایا جبکہ نیتھن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔کھیل کے تیسرے روز کے کھیل سے پہلے یوم پاکستان کی مناسب سے قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی 391 رنز کی برتری ختم کرنے کے لیے بیٹنگ شروع کی تو پاکستانی اوپنر امام الحق 11 رنز بنا کر 20 کے مجموعی اسکورپر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

بعد ازاں عبداللہ شفیق اور اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 90 تک پہنچایا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے 232 رنز 5 وکٹوں سے دوسرے روز اپنی بقیہ اننگز کا آغاز کیا تو الیکس کیری 67 اور کیمرون گرین 79 رنز بنا کر ا?ؤٹ ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔الیکس کیری کی وکٹ نعمان علی اور کیمرون گرین کی وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی۔الیکس کیری اور کیمرون گرین کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم زیادہ دیر پر وکٹ پر قدم نہ جما سکی اور پوری ٹیم 391 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان اور نعمان علی کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوئی۔

کھیل کے پہلے روز آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ 91 رنز بنا کر نمایاں رہے۔مہمان ٹیم آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدا میں ہی ان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے 8 رنز پر دو کھلاڑی پویلین بھیج دیے۔اوپنر ڈیوڈ وارنر 7 رنز جبکہ مارنس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلوی کھلاڑی مارنس لبوشین ٹیسٹ کیریئر میں تیسری مرتبہ پاکستان کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوئے۔اسپنر نعمان علی کی گیند پر کپتان بابراعظم نے عثمان خواجہ اور نعمان علی نے اپنی ہی گیند پر اسٹیو اسمتھ کا اہم کیچ چھوڑ دیا۔

چائے کے وقفے کے بعد اسٹیو اسمتھ 59 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور اوپنر عثمان خواجہ 91 رنز بنا ساجد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹریوس ہیڈ 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کیمرون گرین 20 اور الیکس کیرے 8 رنز بنا کرکریز پر موجود ہیں۔آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کی پلینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ میزبان ٹیم پاکستان نے فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو آخری ٹیسٹ کا حصہ بنایا ہے۔آخری ٹیسٹ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا اور دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔