تیئس مارچ کو مسلمانان ہند نے دو قومی نظریہ پر مہر تصدیق ثبت کی۔ شجاع الدین شیخ


لاہور (صباح نیوز)  23مارچ کو مسلمانان ہند نے دو قومی نظریہ پر مہر تصدیق ثبت کی ۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔

اُنھوں نے کہا کہ مصور پاکستان علامہ محمد اقبال نے مسلم لیگ کے الٰہ آباد کے سالانہ اجلاس میں قوم کی جو سمت متعین کی تھی 23مارچ 1940ء کو منظور ہونے والی قرارداد اس کی طرف پہلا قدم تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہندوستان کے طول و عرض میں پاکستان کا مطلب کیا : لاالٰہ الا اللہ کا ورد شروع ہو گیا ۔

اس نعرے نے مسلمانوں میں ایسی بیداری پیدا کی کہ انگریز حکمران اور ہندو اکثریت بے بس ہو گئی اور 7سال کے مختصر عرصے میں پاکستان معرض وجو دمیں آگیا ۔ یہ معجزہ اسی نعرے کے نتیجے میں رونما ہوا لیکن بعد ازاں بدقسمتی سے اہل پاکستان نے اس نعرے سے عملاً کنارا کشی اختیار کر لی اور اسلامی نظام اپنانے کی بجائے خواہی نحواہی سیکولر نظام کی طرف گامزن ہوگئے

لہٰذا دنیا میں ذلت و رسوائی ہمارا مقدر بن گئی ۔ قوم کو 23مارچ کے حوالے سے یہ عزم کرنا چاہیے کہ وہ اللہ سے کیے گئے وعدہ کو پورا کریں گے ۔ اسی سے پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو گااور ہماری آخرت بھی سنورے گی ۔