حکومت نئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بجائے لنگر خانے کھول رہی ہے


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔مہنگائی بے روزگاری اور لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے ۔ان ظالم حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ حکومت نے ملک میں نئے کاروبار کے مواقع پیدا کرنے کی بجائے قوم کو لنگر خانوں پر لگادیا ہے۔ان سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔تحریک انصاف کی حکومت کو برسر اقتدار آئے چار سال پورے ہونے کو ہیں، مگر قوم گواہ ہے کہ کوئی ایک وعدہ بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ 22کروڑ عوام مہنگائی کا سونامی لانے والوں کو گھر بھیجیں۔ ہر  شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص،موجودہ حکمرانوں کی بے حسی کے خلاف سڑکوں پر ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی حکومت کا انجام قریب ہے۔ عوام نے تحریک انصاف کو بھی آزمایا لیا ہے۔ واضح ہوگیا کہ ملک و قوم کے ساتھ کوئی بھی مخلص نہیں ہے۔ تحریک عدم اعتماد سے وزیراعظم سمیت پوری ٹیم کی بوکھلاہٹ کھل کر عیاں ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو برسر اقتدار آئے چار سال پورے ہونے کو ہیں، مگر قوم گواہ ہے کہ کوئی ایک وعدہ بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا ۔ظالم حکمرانوں سے نجات اور نئے الیکشن کی ملک کو ترقی اور بہتری کی جانب گامزن کر سکتے ہیں حکومت کی جب تک معاشی پالیسیوں میں آئی ایم ایف کی مداخلت رہے گی تب تک ملک خود مختار ہوسکتا ہے اور نہ خوشحالی و ترقی کے دعوے پورے ہوسکتے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ عوام کو اس حوالے سے اعتما دکا اظہار کرنا چاہیے