نیلم ویلی میں4 روزہ سرمائی کھیلوں کے مقابلے ختم ہوگئے


مظفر آباد(صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صحت افزا مقام نیلم ویلی میں4 روزہ سرمائی کھیلوں کے مقابلے ختم ہوگئے۔ آزاد جموں وکشمیر ونٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام4 روزہ سرمائی کھیلوں کے مقابلے لائن آف کنٹرول کے قریب  خوبصورت گاوں ارنگ کیل میں منعقد ہوئے ۔ یہ علاقہ 8300 فٹ کی بلندی پر مظفرآباد سے 160 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

الپائن اسکیئنگ، سنو بورڈنگ اور کراس کنٹری مقابلوں میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت اور چترال کے 80 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ گزشتہ روز اختتامی تقریب منعقد ہوئی، کھلاڑیوں نے اسکیئنگ اور سنو بورڈنگ کے شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ جیتنے والے کھلاڑیوں کو انعامات اور میڈلز اور دیگر اعزازات دئیے گئے۔

اختتامی تقریب میں مقامی فنکاروں نے رنگا رنگ ثقافتی پرگرام پیش کیے۔ جیتنے والے کھلاڑیوں میں تمغے تقسیم کیے گئے۔اے جے کے کی ٹیم 2 طلائی، 4 چاندی کے اور 4 کانسی کے تمغے جیت کر اول، چترال کی ٹیم 2 طلائی، 3 چاندی کے اور 1 کانسی کا تمغہ جیت کر دوسرے اور کے ایس ایس سی کی ٹیم 2 طلائی اور 1 کانسی کا تمغہ جیت کر تیسرے نمبر پر رہی۔2018 سے ونٹر سپورٹس فیسٹیول وادی نیلم کے سالانہ فیسٹیول کی حیثیت حاصل کر چکا ہے۔