بھارتی فلم دی کشمیر فائلز کو بھارت کا جھوٹا پراپیگنڈہ ہے۔ مشعال حسین ملک


اسلام آباد(صباح نیوز) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیر پرسن مشعال حسین ملک نے بھارتی فلم دی کشمیر فائلز کو بھارت کا جھوٹا پراپیگنڈہ  قرار دیا ہے ۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دی کشمیر فائلز نامی فلم جاری کی گئی ہے ۔ اس فلم میں بھارت نے پراپیگنڈہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندو پنڈتوں کو مسلمانوں نے قتل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے گورنر جگ موہن نے 1990 میں  سازشی منصوبہ بنایا تھا۔ اس دوران 89 ہندوپنڈتوں اور 1635 دیگر کشمیریوں کا قتل کیا گیا جس میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی پوری کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مذہبی ہم آہنگی،معاشرتی ہم آہنگی کو تباہ و فنا کردیا جائے۔ آج سے بائیس سال قبل سکھ کمیونٹی کے 36 نہتے لوگوں کو اس لیے ماردیاگیا تھا کیونکہ امریکی صدر بل کلنٹن بھارتی دورے پر تھے اور بھارت  کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنا چاہتا چاہتا تھا۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت آج تک مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے اور جھوٹے پروپیگنڈا کرکے کشمیری مسلمانوں اور دیگر اقوام کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔چئیرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کا کہنا تھا کہ بھارت کا اصل مقصد کشمیری اقوام کو آپس میں لڑا کر آزادی کی لہر کو کمزور کرنا ہے لیکن انشااللہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت تک بھارتی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔