لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور کے صدرلیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں اوآئی سی وزرا خارجہ کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کے عوام بِلا تفریق عالم اسلام کے نمائندہ قائدین کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کانفرنس خط میں بہت ہی اہم موقع پر منعقد ہورہی ہے۔ پوری امت بالخصوص اسلامیان پاکستان کی توقعات ہیں کہ یہ کانفرنس کامیاب اور عزم نو کے ساتھ امت کے اتحاد اور عظمت رفتہ کو حاصل کرنے کا ذریعہ بن جائے ۔وزرا ء خارجہ کانفرنس صرف قراردادوں تک محدود نہ رہے،اپنا آزاد،اسلامی ممالک کا بااختیار فورم بنانے کے لئے پیشرفت کی جائے کانفرنس ان اقدامات کو یقینی بنائے۔
مرکزی تربیت گاہ منصورہ اور سیالکوٹ میں عوامی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ امت کے اتحاد اور مشترکہ لائحہ عمل کاروڈ میپ بنائے جائیں تا کہ عالم غلامیوں سے آزاد ہو۔ افغانستان کے عوام کی فتح اور طالبان کو تمام اسلامی ممالک متفقہ بنیاد پر تسلیم کرلیں۔ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں پر بھارتی مظالم فاشٹ تسلط کے خلاف بھارت کے خلاف سنجیدہ اقدامات کئے جائیں، بھارت سے تجارت مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کر دی جائے۔ عالم اسلام کی دفاعی ، تجارتی ، اقتصادی ، تعلیم وتحقیق ، سائنس وٹیکنالوجی ، بااعتماد آزاد میڈیا نظام کی مشترکہ حکمت عملی کا اعلان کیا جائے۔ اسلامو فوبیا کے سدباب کے لئے عالمی سطح پر قانون سازی کے لئے سنجیدہ اقدامات کا اعلان کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کی عظیم الشان پریڈ پوری قوم کے لئے فخر اور تشکر کا باعث ہے، ہر پاکستانی کو افواجِ پاکستان کے افسروں اور جوانوں پر اعتماد ہے اورقربانیاں مِلت کی حفاظت کا بڑا حصار ہیں۔ 23 مارچ کی پریڈ کو آئندہ سال آزاد کشمیر کا ہدف بنایا جائے۔ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے مظلوم عوام پاکستان سے مضبوط ، دو ٹوک اور فیصلہ کن حمایت چاہتے ہیں، فاشٹ مودی نے بھارتیوں کو جنونی بنا کر اپنے مفادات حاصل کئے ہیں۔ اسی طرح عمران خان بھی مودی طرزِ سیاست سے زہر نہ گھولیں ۔ قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کریں۔ضِد آنا اور ہٹ دھرمی سب کے لئے تباہی اور پاکستان دشمنوں کے لئے ریڈ کارپٹ بنے گی۔