جماعت اسلامی ملک میں جاری مفاد پرستانہ سیاست کو مسترد کرتی ہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں جاری مفاد پرستانہ سیاست کو مسترد کرتی ہے ۔ہارس ٹریڈنگ درحقیقت جمہوریت اقدار کا گلا گھوٹنے کے مترداف ہے اس کی ہر سطح پر نفی کی جانی چاہئے ۔موقع پرست سیاستدانوں نے سیاست کو گندا کر دیا ہے وہ اپنی کرپشن کی کمائی اور طاقت کے بل بوتے پر پورے انتخابی نظام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں ۔ حکومت اور اپوزیشن ہوش کے ناخن لیں اور انتشار کی سیاست سے باز آجائیں ورنہ دوسری صورت میں غیر جمہوری قوتوں کے لئے راہ ہموار ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات دن بدن خراب سے خراب تر ہوتے چلے جا رہے ہیں، اگر بروقت ان پر قابو نہ پایا گیا تو نقصان کے ذمہ داران خود ہی اپنے کردار کا تعین کر لیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ماضی سے پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نون اور پاکستان تحریک انصاف نے کچھ نہیں سیکھا ، ایک مرتبہ پھر سے ملک کے اندر نوے کی دہائی والی سیاست کی جا رہی ہے ۔جمہوری رویوں کو اختیار کیا جانا چاہئے۔آج ملک میں جو جمہوریت نظر آرہی ہے اس کے استحکام کے لئے بڑی قربانیاں دی گئیں ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ افہام و تفہیم سے کام لیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نہ صرف ایوان بلکہ عوام کا اعتماد بھی کھو چکے ہیں ۔ا س لئے انہیں چاہئے کہ جارحانہ طرز عمل اختیار کرنے کی بجائے  آئین و قانون کا احترام کریں ۔ قانون کی بالادستی کو یقینی بنا کر ہی دنیا میں عزت و وقار پیدا کیا جا سکتا ہے ، مگربد قسمتی سے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن کی بات سنتی ہے ۔نا اہلوں کا ایک ٹولہ ہے جس کے پاس اہلیت اور صلاحیت نام کی کوئی بھی چیز نہیں ۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ قوم نے تینوں بڑی جماعتیں کو آزما لیا ،یہ سب ایک ہی تھیلی چٹے بٹے ہیں۔ان سے کی سیاست محض مفادات کے اردگرد گھومتی ہے ۔عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کی کسی کو بھی فکر نہیں۔ صرف اور صرف جماعت اسلامی ملک و قوم کو درپیش مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے