الیکشن کمیشن نے اسلام آباد، سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مقدمات میں فیصلے محفوظ کر لیے


اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مقدمات میں فیصلے محفوظ کر لیے ہیں
الیکشن کمیشن کے ممبران ناصر درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ دونوں فیصلے محفوظ کیے ہیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا

الیکشن کمیشن کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے. وفاقی حکومت نے نئے بلدیاتی قانون کے لیے الیکشن کمیشن سے مہلت طلب کی،
سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حکومت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موثر بلدیاتی نظام کے لیے قانون بنا رہی ہے، نیا بلدیاتی قانون کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے ایجنڈے پر آچکا ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حکومت اگر چاہے تو جلد بھی قانون بناسکتی ہے، ورنہ تو 6 ماہ بھی میٹنگ نہ کریں
الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا.
بعدازاں الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کابھی فیصلہ محفوظ کر لیا.
الیکشن کمیشن کے 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان بھی پیش ہوگئے اس دوران سندھ حکومت نے نیا قانون لانے کے لیے الیکشن کمیشن سے مہلت مانگی تو الیکشن کمیشن نے خبردار کیا کہ
اگر آپ نیا قانون نہیں لائیں گے تو پرانے قانون پر ہی حلقہ بندیاں کردیں گے، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے ایک ماہ کی مہلت طلب کرلی تھی، آپ نے ایک ماہ میں کیا کیا؟ کیوں نہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیں، الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پہلے سندھ حکومت کا موقف تھا کہ مردم شماری کے نتائج کی اشاعت کا مسئلہ ہے، مردم شماری کے نتائج کی اشاعت ہوئے بھی 6 ماہ کا وقت گزر چکا ہے، اس دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے موقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں، الیکشن کمیشن سندھ حکومت کو پابند کرے، ان سے ٹائم لائن مانگے، الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ہم نے چیف سیکرٹری سندھ کو طلب کیا تھا لیکن پیش نہیں ہوئے،بعدازاں الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا