تیراہ میں احساس ایمرجنسی کیش ادائیگی 24 مارچ سے شروع ہو رہی ہے،سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وادی تیراہ میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کو احساس ایمرجنسی کیش کی ادائیگی اگلے ہفتے 24 مارچ سے شروع ہوگی۔ 15,699خاندانوں کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 20,000 روپے فی خاندان مالی معاونت فراہم کی جائیگی۔

تمام ادائیگیاں احساس کے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کی جائیں گی۔ کیش کی منتقلی کے عمل کو آسانی سے چلانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔اس ماہ کے شروع میں، ڈاکٹر ثانیہ نے وادی تیراہ کا دورہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ بے گھر خاندانوں کو کس حد تک امداد کی ضرورت ہے۔ دورے کے دوران وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بیٹھی اور ان کے مسائل سننے کے لیے ان سے بات چیت کی۔ اپنے دورے کے اختتام پر، ڈاکٹر ثانیہ نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد 15,699 خاندانوں کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پیکج کا بھی اعلان کیا تھا۔

یہ دورہ پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور نارتھ کے پی کے تعاون سے کیا گیا تھا۔احساس نے وادی میں رجسٹریشن ڈیسک بھی قائم کیے ہیں تاکہ احساس کی شاک ریسپانسیو رجسٹری کو اپ ڈیٹ کیا جا سکے اور احساس کے کیش ٹرانسفر پروگرام کے ذریعے مالی امداد کے لیے مستحق خاندانوں کو رجسٹر کیا جا سکے

۔افغان سرحد کے قریب واقع وادی تیراہ خیبر قبائلی ضلع میں ہے، جو پشاور سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ دہشت گرد کارروائیوں اور فوجی آپریشن کے باعث مقامی لوگوں کو علاقہ خالی کرنا پڑا۔ سیکورٹی فورسز نے اب کامیابی کے ساتھ علاقے کو کلیئر کرا لیا ہے اور امن بحال ہو گیا ہے۔ بے گھر خاندان بارہ سال بعد اپنے گھروں کو واپس آرہے ہیں۔