لاہور(صباح نیوز ) شہر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات سردار حماد مؤکل، یعقوب میو، کامران جٹ، ملک زبیر، نصیر خان، نوید اصغر،سید ذوالقرنین، چوہدری مجید گجر، بلال گجر، نوید جٹ کا ساتھ سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان اور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کیساتھ مل کر پاکستان کو اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان بنانے کا عزم کیا۔ شہر کی معروف شخصیات نے جماعت اسلامی میں باقاعدہ شمولیت اعلان سیکرٹری جماعت اسلامی غربی لاہور و امیدوار پی پی 171 غلام حسین بلوچ کی جانب سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے اعزاز میں عشائیہ میں کیا۔
عشائیہ میں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد، اور امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبد العزیز عابد نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی طرف سے جماعت میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی صلاحیت، دیانت اور جمہوری روایات ملک و قوم کیلئے امید کی کرن ہیں۔ جما عت اسلامی کا مثبت کردار پور ی قوم کے سامنے ہے جس میں موروثیت نہیں،ملک کے اسلامی و نظریاتی تشخص کی حفاظت ہمارا مشن ہے، ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں،ملک میں کلمے کی سربلندی اور پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد ہی ہمارا مرکز و محور ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی منظم ترین اور جمہوریت میں سب سے پہلے درجے کی جماعت ہے۔قوم نے جب بھی جماعت اسلامی کے امیدواران کو موقع د یا ہے انہوں نے امانت و دیانت کے ساتھ سیاسی میدان میں خدمت کی سیاست کو پروان چڑھایا اور ہماری قیادت پر کسی قسم کا کوئی کرپشن کا داغ نہیں۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہدنے کہا کہ جماعت اسلامی کی امانت و دیانت والی قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔ پوری قوم کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ جماعت اسلامی کسی فرد کی جماعت نہیں نام نہیں بلکہ غلبہ دین کی ایک توانا جدوجہد کا نام ہے۔ ہمارے تمام کارکنان، سیاسی ورکرز اور ہر سطح کے عہدیداران صرف اور صرف اللہ کے دین کی سربلندی اور اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد ہی اللہ کے دین کی سربلندی، قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ اور عوام کی خدمت ہے۔