وزیر اعظم کا منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز) موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔فواد چوہدری ، بابر اعوان، خسرو بختیار، شہزاد وسیم، حماداظہر، شبلی فراز، فرخ حبیب، عامر ڈوگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر فروغ نسیم بھی وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھے۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان سے متعلق قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بھی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

ذرائع کاکہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اور قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے کہہ دیا

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئین میں واضح لکھا ہے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے پر قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، آخری گیند تک لڑوں گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم کی جانب سے اسد قیصر کو21 مارچ کو اسمبلی اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ہے