مدینہ کی ریاست کا نام لے کر قوم کو دھوکا دیا گیا۔ امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہنے والے سیاست دان مفادا ت کے لیے شیروشکر ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اقتدار کے لیے سب کو گلے لگانے کے لیے تیار ہے۔ مدینہ کی ریاست کا نام لے کر قوم کو دھوکا دیا گیا۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے بارے میں سچ بتانے کی بجائے ایک دوسرے کے بارے میں سچ بولنے کے ہیضے میں مبتلا ہو گئی ہے۔ وزیراعظم جان لیں کہ جب نظریاتی جدوجہد کی بجائے بیساکھیوں کا سہارا لیا جائے گا تو کشتی اسی طرح بیچ منجدھار ڈوب جاتی ہے۔ قوم سٹیٹس کو اور استعمار کے وفاداروں کا ساتھ مت دے، عوام نے 74برس سے ان پر اندھا اعتمادکیا، نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی مفادات کی سیاست میں الجھنے کی بجائے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروںکا ساتھ دینے کی بجائے جماعت اسلامی کی ہمقدم بنے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ”اسلامی ریاست کے خدوخال” کے موضوع پر تحقیقی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ادارہ معارف اسلامی اور جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نے منصورہ میں 10روزہ تحقیقی تربیت گاہ کا اہتمام کیا تھا۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی حافظ ساجد انور اور منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مولانا شمشیر علی شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد فرد اور معاشرہ کی اصلاح کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کے لٹریچر میں اسلامی ریاست کے مکمل خدوخال کی وضاحت موجود ہے۔ جو کوئی شخص بھی اس لٹریچر کا مطالعہ کر لے گا، وہ انسان کے اس دنیا میں آنے کے مقصد اور معاشرہ کی تشکیل میں انسانی کردار کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہو جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی ریاست اللہ عزوجل کے اقتدار اعلیٰ کے تحت کام کرے گی۔ حکمران کی حیثیت اللہ تعالیٰ کے نمائندہ کی ہو گی جو مکمل مشاورت سے کاروبار حکومت چلائے گا اور عوام کو اپنے ہر قول و فعل کا جواب دہ ہو گا۔ اسلامی ریاست میں شہریوں کو تعلیم، صحت، چھت اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور حکومت جمہوری اصولوں کے تحت معرضِ وجود میں آئے گی۔