الیکشن کمیشن کا وزیر اعظم کے انتخاب، تحریک عدم اعتماد سے کوئی تعلق نہیں ہے، الیکشن کمیشن


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک عدم اعتماد، فلور کراسنگ اور ہارس ٹریڈنگ پر الیکشن کمیشن ا?ف پاکستان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی رو سے الیکشن کمیشن کا وزیر اعظم کے انتخاب، تحریک عدم اعتماد سے کوئی تعلق نہیں ہے، وزیر اعظم کا انتخاب، تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی کے قوانین کے تحت ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف فورم پر اعلیٰ حکومتی عہدیداران کی جانب سے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور اس سے متعلقہ ممبران پارلیمنٹ کی مبینہ فلور کراسنگ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، چونکہ اس سلسے میں تمام بیانات قومی میڈیا پر نشر کیے گئے ہیں اس لیے الیکشن کمیشن کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمیداری کو واضح کرے۔

الیکشن کمیشن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے انتخاب، تحریک عدم اعتماد میں اسپیکر قومی اسمبلی بطور پریزائڈنگ افسر کام کرتے ہیں، ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ سے متعلق الیکشن کمیشن کے خلاف بیانات بے بنیاد ہیں۔الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فلور کراسنگ کی صورت میں پارٹی سربراہ رکن کے خلاف ڈکلریشن اسپیکر کو بھیجے گا، اسپیکر قومی اسمبلی ڈکلریشن الیکشن کمیشن کو ارسال کرے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اسپیکر سے موصول ڈکلریشن پر آئین و قانون کے مطابق کارروائی کرے گا، فلور کراسنگ پر ڈکلریشن موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا کام شروع ہو گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت چاہے تو قوانین میں ترمیم کر کے الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں اختیارات دے سکتی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اراکین کی خرید و فروخت کی مذمت کرتے ہیں اور میں الیکشن کمیشن کو کہنا چاہوں گا کہ رات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف نے آن ریکارڈ کہہ دیا ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ (ن) کی نظر لگ گئی ہے کہ انہیں صرف پی ٹی آئی نظر آتی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا۔