راولپنڈی لاء کالج نے بار اور بینچ کو شاندار وکلاء اور لائق ترین ججز دیئے، طلعت محمود زیدی


راولپنڈی(صباح نیوز)ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر طلعت محمود زیدی نے کہا کہ راولپنڈی لاء کالج نے بار اور بینچ کو شاندار وکلاء اور لائق ترین ججز دیئے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ آپ نے اپنے عظیم ادارے کی اعلیٰ روایات کی پاسداری کرنی ہے اور جب بار اور بینچ کو جائن کریں تو آپ کے عمل اور کردار سے ثابت ہوکہ آپ راولپنڈی لاء کالج کے لاء گریجویٹ ہیں۔انہوں نے طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ سپورٹس ایکٹیویٹیز کو سراہا یہ بات انہوں نے راولپنڈی لاء کالج سکستھ روڈ پر سالانہ کھیلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

افتتاحی تقریب سے چیف ایگزیکٹو راولپنڈی لاء کالج پیرزادہ راحت قدوسی ، پرنسپل راولپنڈی لاء کالج سول لائنز نثار بیگ (ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریٹائرڈ)، پرنسپل راولپنڈی لاء  کالج سکستھ روڈ بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو پیرزادہ راحت مسعود قدوسی نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اسی لیے کھیلوں پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔کھیل انسان کو صحت مند بناتا ہے اس لیے نوجوانوں کو مثبت انداز فکر اختیار کرتے ہوئے کھیلوں میں بھرپورحصہ لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم طلباء کو تعلیم کے ساتھ ان کی کردارسازی پر بھی بھرپور توجہ دیتے ہیں۔ کیونکہ آج کے نوجوان کل کا مستقبل ہیں۔