لاہور(صباح نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر پراجیکٹ کے تحت غریب و نادار والدین کے عدم توجہ کا شکار بچوں کو سکول میں داخلہ کے قابل بنانے کا پہلا سیشن مکمل ہو گیا ۔پراجیکٹ کا مقصد فیکٹریوں اور گھروں وغیرہ میں کام کرنے والی خواتین کے بچوں کو سکول جانے کے قابل بنانے کے ساتھ سا تھ ٔتعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔
پراجیکٹ کا پہلا سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایجو کیشن پروگرام مینجر سمیرا چھاپرا نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن زندگی کے دیگر شعبوں میں خدمات کے ساتھ ساتھ عدم توجہ کا شکار بچوں کو ایک سال تک ان کی عمر کے مطابق ذہنی تربیت و نشو نما کر کے انہیں سکول میں داخلے کے قابل بناتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جن بچوں کی ذہنی تربیت کی گئی ہے انہیں ان کی عمر کے مطابق کلاس میں مختلف ریگولر سکولوں میں داخل کر وایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے یونیفارم سمیت سکول کے تمام اخراجات الخدمت فاؤنڈیشن برداشت کرے گا۔تربیت حاصل کرنے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب میں بچوں کی ماؤں نے بھی شرکت کی ۔تقریب کے اختتام پر ریفریشمنٹ بھی دی گئی۔