اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں حکومت کو تاریخی شکست ہوئی ، اپوزیشن کابل روکنے کی حکومتی کوشش ناکام ہوگئی،امیدوار پر انتخابی نشان تبدیل نہ کرنے کی پابندی لگانے کا بل پیش کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی،قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعت ن لیگ کے رکن جاویدحسنین نے امیدوار پر7سال تک انتخابی نشان تبدیل نہ کرنیکی پابندی لگانے کا بل لانے کی تحریک پیش کی تو حکومت نے آئینی ترمیمی بل کی مخالفت کی۔
حکومتی رکن ملیکہ بخاری نے تحریک مسترد کرنے کیلئے رائے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہرشخص کوکسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کاحق دیتاہے۔تحریک پر ایوان میں ووٹنگ ہوئی تو حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپوزیشن کے حق میں117حکومت کے حق میں 104ووٹ آئے۔
اپوزیشن رکن جاویدحسنین کی بل پیش کرنیکی تحریک منظور ہونے پر ن لیگ کے ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کی آج اخلاقی فتح ہوئی عمران خان کوشکست تسلیم کرنی چاہیے او ر مستعفی ہوجانا چاہیے۔
اجلاس میں بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کیلئے فوجداری قوانین ترمیمی بل پیش کیا گیا جس پر ڈپٹی اسپیکر نے بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ ایوان نے الکرم انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ بل کو مشترکہ اجلاس میں بھیجنے کی تحریک بھی منظور کر لی۔