اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی زون5 کے تحت شاندار محفل’ایک دن اقبال کے نام’کے موضوع سے سجائی گئی۔
حلقہ خواتین جماعت اسلامی زون 5نے بھی مرد حضرات کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔۔
تقریب میں نہ صرف جی ٹن ون سے مرد و خواتین و بچوں نے شرکت کی بلکہ قریبی سیکٹرز سے بھی طلبا و طالبات اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئے۔اس خوبصورت پروگرام میں تقاریر،مضامین نویسی( اقبال کی منتخب نظموں پر مضمون لکھے گئے فاطمہ بنت عبداللہ، مسجد قرطبہ ،ابلیس کی مجلس شوری)تحت للفظ و ترنم سے کلام اقبال پڑھنے کے مقابلے کے علاوہ ایک نہایت دلچسپ مقابلہ بیت بازی بھی ہوا ۔جس میں بچوں کے ساتھ ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔نہایت معیاری اور جوش و جذبے سے پڑھے جانے والے اشعار نے میلہ لوٹ لیا۔
اساتذہ بچوں کی اغلاط موقع پر درست کرواتے رہے خصوصا انٹرنیٹ پر اقبال سے موسوم جعلی کلام اقبال کی حوصلہ شکنی کی گئی۔ساتھ ساتھ اچھے شعر اور انداز پر حاضرین دل کھول کر داد بھی دیتے رہے۔
مقابلہ نہایت جوش اور جذبے سے چلتا رہا۔پروگرام کے دوران جمیعت طالبات کی بچیاں انتظام سنبھالنے کے ساتھ ساتھ حاضرین کو ہلکے پھلکے سنیکس بھی پیش کرتی رہیں۔آخر میں پہلی دوسری تیسری پوزیشنوں پر آنے والے بچوں کو ٹرافیاں دی گئیں۔تمام شرکا کو اقبال کی شاعری پر مشتمل کتب نہایت خوبصورت پیکنگ میں تحفہ کے طور پردی گئیں۔بچیوں کو خصوصی طور پر سکارف تحفے میں د ئیے گئے ۔