الیکشن کمیشن کا حافظ نعیم الرحمن کو جوابی خط،اسلام آباد میں کل سماعت میں شرکت کی دعوت


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان و چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کیے گئے خط کا جواب انہیں موصول ہو گیا ہے ۔جس میں حافظ نعیم الرحمن کو 10نومبر کو اسلام آباد میں کمیشن کی سماعت میں بطور فریق شریک ہونے اور اپنا موقف پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن ، جماعت اسلامی کراچی کے شہری و بلدیاتی امور کے نگراں وصدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ 10نومبر کو صبح 10بجے الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں ہونے والی سماعت میں شرکت اور جماعت اسلامی کا موقف پیش کریں گے ۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کریں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے 16اکتوبر کو چیف الیکشن کمشنر کے نام خط ارسال کیا تھا جس میں سندھ بھر میں بالخصوص کراچی میں بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی ، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سندھ حکومت کی   مسلسل ٹال مٹول اور تاخیری حربے استعمال کرنے کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے آئینی تقاضے کو پورا کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو اپنا آئینی کردار ادا کرنے کے لیے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا اور درخواست کی تھی کہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی ہونے والی سماعت میں جماعت اسلامی کو بطور فریق شرکت کرنے اور اہل کراچی کے مسائل اور آئینی و قانونی اور جمہوری حقوق کے حوالے سے اپنا موقف پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔