لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں بے سروپا باتیں کیں ہیں۔ قوم کو بتائیں کہ اگر ملک میں ریکارڈ ٹیکس وصولی کی گئی ہے ، بیرون ملک سے ریکارڈ زر مبادلہ پاکستان منتقل ہوا ہے ، فصلوں کی ریکارڈ پیدوار ہوئی ہے، ایکسپورٹ میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے منازل طے کررہا ہے تو اس کے ثمرات عوام کی زند گی پر کیوں نہیں ہورہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم دعوئوں کے برعکس ملک کے اندر ریکارڈ مہنگائی ہے، بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے، عوام خودکشی پر مجبور ہیں، ہر سال ریکارڈ جرائم کی شرح میں اضافہ نظر آرہا ہے، کرپشن نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، لاقانونیت انتہا کو پہنچ چکی ہے،آٹا چینی اور پٹرول مافیا کو پہلے سے زیادہ آزادی مل گئی ہے اور کوئی اسے لگام ڈالنے والا ہی نہیں۔ ہر سیکٹر میں بد انتظامی اور خرد برد کی لمبی داستانیں منظر عام پر آرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ظالم حکمران اور کتنی دیر تک 22کروڑ عوام کے ساتھ جھوٹ بولیں گے۔ ان کی اہلیت ، صلاحیت اور اصلیت سب کچھ کھل کر سامنے آچکا ہے محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جس وزیر اعظم کو عوام کی تکالیف کا احساس نہیں ، اس کو بر سر اقتدار رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اب وقت آن پہنچا ہے کہ ان سے نجات حاصل کرکے ملک کے اندر نئے انتخابات کروائے جائیں۔عوام کی کیفیت دن بدن ابتر ہوتی چلی جارہی ہے۔ تبدیلی کو خواہش قوم پر بہت بھاری گزری ہے۔ جب وزیر اعظم عمران خان خود قانون کی پاسداری نہیں کرتے، ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں گے تو دوسر وں سے کیا توقع کی جا سکتی ہے۔؟