لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت اپنے ہی اتحادیوں اور ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ تحریک عدم اعتماد سے وزیر اعظم سمیت پوری ٹیم کی بوکھلاہٹ کھل کر نظر آرہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی اب تک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے موجودہ ظالم حکمرانوں سے نجات اور نئے الیکشن کی ملک کو ترقی اور بہتری کی جانب گامزن کر سکتے ہیں ۔ نا اہل ترین حکمرانوں نے جتنا قومی اداروں کی بے توقیری کی ہے اتنی کسی نے بھی نہیں کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شروع دن سے کارکردگی پر توجہ دینے کی بجائے انتقامی سیاستی کررہے ہیں۔ جن لوگوں نے مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی سے مایوس ہو کر تحریک انصاف کو ووٹ ڈالا آج وہی مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ مہنگائی نے حقیقی معنوں میں عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو بہت رولایا ، اب ان کے رونے کے دن آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام پوچھتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدے کا کیا ہوا۔؟ چار سال مکمل ہونے کو ہیں مگر کوئی ایک وعدہ بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا۔وعدوں سے انخراف کا نام یوٹرن رکھ کر قوم کو گمراہ کیا جاتا رہا ہے ۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت نے ایک ارب ڈالر کے حصول کی خاطر سٹیٹ بینک جیسے ادارے کو آئی ایم ایف کے سپرد کردیا ہے۔ قوم کو جرأت اور بہادری کا درس دینے والے وزیر اعظم نے اپنے وعدوں سے انحراف کیا ہے۔ عوام ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔ ملک و قوم بہت جلد ان سے نجات حاصل کرلیںگے۔