اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں ،مہنگائی کا سبب حکومتی نااہلی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کہتا ہے 539 ارب حکومت کو دیئے، وزرات خزانہ کے مطابق ساڑھے 6 ارب سرکار کو ملے، ایک دن کیس بنے گا جب نیب سے پوچھا جائے باقی رقم کہاں گئی، چیئرمین اور نیب پراسیکیوٹر کا حساب کمزور لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عامر کیانی کا نام نیب نے کیس سے نکال دیا ہے، انہیں وزیرِ اعظم عمران خان نے خود وزارت سے نکالا تھا۔ اب وہ الزام بھی مجھ پر عائد کر دیا گیا ، میں کہتا ہوں کہ وہ کیس بھی میرے خلاف بنا دیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں گیس ہمارے لگائے گئے ٹرمینل سے آ رہی ہے، نیب پراسیکیوٹر کہہ رہے ہیں ایل این جی ٹرمینل سے قومی خزانے کو نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چینی پر کمیشن پر کمیشن بنے، کیا کوئی ایکشن ہوا، مہربانی کریں کمیشن بنانا چھوڑ دیں، اس ملک کو چلنے دیں، چینی چور کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے سیلاب کی وجہ حکومت کی نااہلی ہے،الیکشن کب ہوں گے، اس بارے میں کوئی پیش گوئی نہیں کرتا ، پاکستان میں انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، آنیوالے انتخابات میں پاکستان کی عوام کی مرضی کی حکومت بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خود تنظیم کو کالعدم قرار دیتی ہے، خود ہی ختم کر دیتی ہے، حکومت اب ٹی ایل پی کی اتحادی بننے کی کوشش میں ہے۔